یکم جولائی سے آزاد پیشہ ورانہ خدمات پر 15 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد ہوگا۔

اسلام آباد: یکم جولائی 2026 سے آزادانہ پیشہ ورانہ خدمات فراہم کرنے والے افراد پر 15 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد ہوگا۔ اس ٹیکس کا اطلاق ڈاکٹروں، وکلا، معماروں، اکاؤنٹنٹس اور سافٹ ویئر انجینئرز یا ڈویلپرز جیسے پیشہ ور افراد پر ہوگا۔

ایف بی آر کے بجٹ وضاحتی سرکلر میں خدمات اور بعض قرضی سیکیورٹیز کے لیے نظرثانی شدہ ودہولڈنگ ٹیکس کی شرحوں کی وضاحت کی گئی ہے۔

فرسٹ شیڈول کے پارٹ III کی ڈویژن III میں درج خدمات کے لیے ایڈوانس ودہولڈنگ ٹیکس کی شرحوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔ پیراگراف (2) کے تحت ذیلی پیراگراف (i) میں بیان کردہ ٹیکس کی شرح خدمات فراہم کرنے یا دینے پر 6 فیصد سے بڑھا کر 7 فیصد کر دی گئی ہے۔

ذیلی پیراگراف (ii) میں ترمیم کرتے ہوئے آزادانہ طور پر کام کرنے والے ڈاکٹروں، وکلا، معماروں، اکاؤنٹنٹس، سافٹ ویئر انجینئرز اور سافٹ ویئر ڈویلپرز کی جانب سے فراہم کی جانے والی آزاد پیشہ ورانہ خدمات پر 15 فیصد ٹیکس کی شرح مقرر کی گئی ہے۔

مزید ترامیم کے تحت پیراگراف (2) میں شرح مقرر کی گئی ہے، جس کے مطابق ٹرمینل اور بندرگاہ کی آپریٹنگ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو قابلِ ادائیگی مجموعی رقم پر 12 فیصد ٹیکس عائد ہوگا، جبکہ پیراگراف (2) کے مذکورہ ڈویژن III میں درج نہ ہونے والی دیگر خدمات کے لیے قابلِ ادائیگی مجموعی رقم پر 14 فیصد ٹیکس کی شرح لاگو ہوگی۔

ایف بی آر نے مزید بتایا کہ قرضی سیکیورٹیز کی فروخت سے حاصل ہونے والے مجموعی کیپیٹل گین پر سیکشن 151A کے تحت ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 15 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد کر دی گئی ہے، جیسا کہ پارٹ III کی ڈویژن IIIAA میں مقرر کیا گیا ہے۔

X